راولپنڈی، 28 ستمبر 2025 — پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) نے ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پر راولپنڈی پریس کلب کے سامنے آگاہی واک کا اہتمام کیا جس میں شہریوں، طلبہ، اساتذہ، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے امراضِ قلب سے بچاؤ کے پیغامات والے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
صدر پناہ میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی نے خطاب میں کہا کہ دل کی بیماریوں سے بچنے کے لیے طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی ناگزیر ہے۔ انہوں نے ورزش کو معمول بنانے، غیر صحت مند غذا سے پرہیز، ذہنی دباؤ سے اجتناب اور باقاعدہ طبی معائنے پر زور دیا۔
جنرل سیکرٹری ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ پناہ امراضِ قلب کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور یہ واک اسی مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غیر صحت مند خوراک کے تیزی سے بڑھتے استعمال کو روکنے کے لیے سخت قانون سازی کی جائے کیونکہ یہ دل کی بیماریوں کی سب سے بڑی وجہ ہے۔
دیگر مقررین نے بھی احتیاطی تدابیر اور صحت مند عادات اپنانے پر زور دیا اور کہا کہ عوامی آگاہی ہی ملک میں امراضِ قلب کے بوجھ کو کم کر سکتی ہے۔
ورلڈ ہارٹ ڈے کی یہ سرگرمی اس بات کی یاد دہانی ہے کہ دل کی صحت کو اولین ترجیح دینا ناگزیر ہے اور پناہ عوام کے لیے صحت مند مستقبل کی جدوجہد جاری رکھے گی۔