ویانا (رپورٹ) — یورو وژن سانگ کانٹیسٹ کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ اس بات کا فیصلہ نومبر میں رکن نشریاتی اداروں کی ووٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا کہ آیا اسرائیل کو 2026 کے مقابلے میں شامل کیا جائے یا نہیں۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں جاری جنگ کے باعث اسرائیل کو مقابلے سے خارج کرنے کے مطالبات زور پکڑ رہے ہیں۔
یورپی براڈکاسٹنگ یونین (EBU) کے ترجمان ڈیو گُڈمین کے مطابق یونین کے بورڈ نے تمام ارکان کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ ووٹنگ ایک غیر معمولی جنرل میٹنگ میں آن لائن کی جائے گی۔ اگر اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارہ “کان” کو خارج کرنا ہے تو اس کے لیے “مکمل اکثریت” درکار ہوگی۔
سی این این کے مطابق، ایئرلینڈ، نیدرلینڈز، سلووینیا اور اسپین نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل کو شامل کیا گیا تو وہ مقابلے سے دستبردار ہو جائیں گے۔ دوسری جانب جرمنی اور آسٹریا اسرائیل کی شمولیت کے حامی ہیں جبکہ برطانیہ سمیت کچھ ممالک نے ابھی کوئی واضح مؤقف اختیار نہیں کیا۔
یورو وژن ماضی میں بھی تنازعات کا شکار رہا ہے۔ 2024 میں اسرائیل کو اپنے گانے “October Rain” کے بول تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا، جسے بعد میں “Hurricane” کے نام سے شامل کیا گیا۔ اس موقع پر بھی اسرائیل کے گانے پر تنازع پیدا ہوا تھا۔
یورو وژن ماہر ڈین وولیٹک کے مطابق یہ یورو وژن کی تاریخ کا سب سے بڑا بحران بن سکتا ہے کیونکہ اس معاملے نے تنظیم کو تقسیم کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے کہا: “اگر ایک گروپ اسرائیل کے خلاف بائیکاٹ کی دھمکی دیتا ہے اور دوسرا اس کی بھرپور حمایت کرتا ہے تو یہ یورو وژن کے لیے سب سے بڑا بحران ہو گا۔”
ماضی میں یوگوسلاویہ کو 1990 کی دہائی میں جنگ اور اقوامِ متحدہ کی پابندیوں کے باعث مقابلے سے باہر کیا گیا تھا، جبکہ 2021 میں بیلا روس اور 2022 میں روس کو میڈیا آزادیوں پر کریک ڈاؤن اور یوکرین جنگ کے باعث مقابلے سے خارج کیا گیا تھا۔
اسرائیلی نشریاتی ادارے “کان” نے ایک بیان میں امید ظاہر کی کہ یورو وژن اپنی “ثقافتی اور غیر سیاسی شناخت” کو قائم رکھے گا۔ دوسری جانب آسٹریا کی وزیر خارجہ بیٹی مینی-ریسنگر نے زور دیا کہ یورو وژن کو “پابندیوں کے آلے” کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، اور رکن ممالک سے کہا کہ اسرائیل اور غزہ کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔
یورو وژن 2026 کا انعقاد آئندہ سال مئی میں آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہوگا، کیونکہ رواں سال مقابلہ آسٹریا کے گلوکار جے جے نے گانے “Wasted Love” کے ساتھ جیتا تھا۔