ویانا (آسٹریا): پاکستانی کمیونٹی فورم آسٹریا کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی پروگرام کا انعقاد

ویانا میں پاکستانی کمیونٹی فورم آسٹریا کی جانب سے پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر آگاہی اور امداد کے لیے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے نمائندگان، فورم کے عہدیداران، کارکنان اور یوتھ ونگ کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔

فورم کے چیئرمین لالا محمد حسین خان تبسم نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے عالمی سطح پر اوورسیز پاکستانیوں سے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر حصے میں مقیم پاکستانی اس مشکل وقت میں اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کریں۔

تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے فورم کے صدر ندیم خان نے کہا کہ دیارِ غیر میں رہتے ہوئے ہمیں ذاتی سیاست اور گروپ بندی سے بالاتر ہو کر پاکستان کی خدمت کو ترجیح دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگیاں سب کو حق ہیں، مگر جب بات پاکستان کے نام کو بلند کرنے کی ہو تو سب کو متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیلاب کی اس آفت میں پاکستانی کمیونٹی اپنے ملک اور عوام کو نہ بھولے اور بڑھ چڑھ کر امداد فراہم کرے، کیونکہ ہماری اصل پہچان پاکستان ہے۔

تقریب سے خطاب کرنے والوں میں لالا محمد حسین خان تبسم، ندیم خان، خواجہ منظور، حافظ نعیم، نور اسلامک سینٹر کے خطیب علامہ حافظ عبدالحفیظ الازہری، عمران علی مغل، الحاج خواجہ نسیم، چوہدری فاروق، میاں خلیل احمد اور حبیب الرحمن شامل تھے۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں