اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں پاکستان کے مختلف حصوں میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ایران ایمبیسی اسلام آباد کے ترجمان کے مطابق، صدر مسعود پزشکیان نے سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ صدر ایران نے حکومتِ پاکستان کو مکمل تعاون اور امداد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ایران متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں اور انسانی ہمدردی پر مبنی امداد کے لیے تیار ہے۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور قدرتی آفات کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی بات چیت کی۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے صدر ایران کے جذبۂ خیرسگالی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایران کی یکجہتی پاکستانی عوام کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
پاکستان کے مختلف صوبوں، بالخصوص پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ ہزاروں افراد متاثر اور بے گھر ہو گئے ہیں جبکہ کھڑی فصلیں اور بنیادی انفراسٹرکچر بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ حکومتِ پاکستان نے ایمرجنسی ریلیف آپریشنز شروع کر دیے ہیں اور عالمی برادری سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران اور پاکستان مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔