جنوبی کوریا میں ٹیسٹ آف مینگو ایونٹ، پاکستانی آموں کی دھوم

جنوبی کوریا میں ٹیسٹ آف مینگو ایونٹ، پاکستانی آموں کی دھوم

سیئول: پاکستانی آموں کی خوشبو اور ذائقے نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں سب کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا اور پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقدہ اس تقریب کا عنوان “ٹیسٹ آف مینگو” رکھا گیا، جس کا مقصد پاکستانی آموں کو کورین عوام، کاروباری طبقے اور سفارتی برادری کے سامنے متعارف کروانا تھا۔

تقریب میں بڑی تعداد میں کورین شہریوں، غیر ملکی مہمانوں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ مہمانوں کو پاکستان کے مختلف علاقوں سے آنے والے آموں کی اقسام پیش کی گئیں، جن میں چونسہ، انور رٹول، سندھڑی اور لنگڑا شامل تھے۔ آموں کے ذائقے نے حاضرین کو ایسا متاثر کیا کہ بیشتر نے کہا کہ یہ دنیا میں کھائے گئے بہترین پھلوں میں شمار ہوتے ہیں۔

پاکستان کے سفیر اور چیئرمین PBA نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آم پاکستان کا “قومی پھل” ہے اور دنیا بھر میں اپنے منفرد ذائقے، خوشبو اور مٹھاس کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے پروگرام پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کے صدر رحیم شاہ اور جنرل سیکرٹری میاں صغیر احمد نے بتایا کہ اس تقریب کا مقصد پاکستانی آموں کے لیے کورین مارکیٹ میں راہیں کھولنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس ذائقے سے لطف اندوز ہو سکیں۔ تقریب میں شریک کورین افراد نے آموں کو “سنہری خزانہ” قرار دیا اور پاکستان کے کسانوں کی محنت کو سراہا۔

تقریب میں آم سے بنی ڈشز، مشروبات بھی پیش کیا گیا ، جنہیں مہمانوں نے بے حد پسند کیا۔ جس نے ایونٹ کو مزید یادگار بنا دیا۔

پاکستانی آموں نے ایک بار پھر دنیا کو اپنا دیوانہ بنا دیا اور سیئول میں ہونے والا یہ ایونٹ پاکستان کی ثقافت اور ذائقے کا ایک خوبصورت سفیر ثابت ہوا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں