اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم اجلاس

مانچسٹر: چودھری شافع حسین، وفاقی وزیر برائے تجارت و اوقاف کے کوآرڈینیٹر ندیم پہلوان نے پاکستان مسلم لیگ (ق) اوورسیز برطانیہ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت علی شیخ اور صدر سید رضوان ہاشمی سے مانچسٹر سٹی میں قائم پارٹی سیکریٹریٹ میں ایک اہم ملاقات کی۔

اس ملاقات میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل، اوورسیز انویسٹمنٹ، اور وطن عزیز کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ندیم پہلوان نے کہا کہ “اوورسیز پاکستانی ملک کا معاشی ہراول دستہ ہیں، ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ وزیر تجارت و اوقاف چودھری شافع حسین کی خصوصی ہدایت پر برطانیہ آئے ہیں تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ براہِ راست رابطہ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے “ون ونڈو آپریشن” کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے تمام سرکاری سہولیات ایک ہی جگہ پر فراہم کرنا ہے۔

ندیم پہلوان نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانی اگر اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرتے ہیں تو انہیں آئندہ دس سال تک ٹیکس سے مکمل استثنا حاصل ہوگا۔ “یہ ایک سنہری موقع ہے جو دنیا کے کسی دوسرے ملک میں دستیاب نہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ پراپرٹی ایکٹ کے تحت خصوصی عدالتیں قائم کی جا رہی ہیں جو اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلقہ مقدمات کو تین ماہ کے اندر نمٹانے کی مجاز ہوں گی۔

اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا، جس میں پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا کہ انہوں نے عددی برتری رکھنے والی بھارتی فوج کو شکست دی۔ اجلاس میں چودھری شجاعت حسین کی صحت یابی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

آخر میں صدر مسلم لیگ (ق) برطانیہ سید رضوان ہاشمی نے معزز مہمانوں کی روایتی دیسی کھانوں سے تواضع کی، جس سے محفل کا ماحول مزید خوشگوار ہو گیا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں