اسلام آباد: ایتھوپیا کے سفارتخانے اسلام آباد اور اقوام متحدہ پاکستان نے دوسری اقوام متحدہ فوڈ سسٹمز سمٹ اسٹاک ٹیک میں عالمی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اہم عالمی اجلاس 27 سے 29 جولائی 2025 تک عدیس ابابا، ایتھوپیا میں منعقد ہو گا۔
یہ اتفاق ایتھوپیا کے سفیر برائے پاکستان، خصوصی ایلچی اور غیر معمولی سفیر اعلیٰ جناب ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جناب محمد یحییٰ کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت کی شمولیت نہ صرف اس عالمی سمٹ کے لیے اہم ہو گی بلکہ یہ ایتھوپیا اور اٹلی کے اشتراک سے منعقدہ اجلاس میں خطے کی نمائندگی کو بھی اجاگر کرے گی۔
سفیر ڈاکٹر جمال بکر نے عدیس ابابا میں ہونے والی تیاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں ایتھوپیا نے کلائمٹ ایڈاپٹیشن، سبز ترقی اور خوراک میں خود کفالت جیسے اقدامات کے ذریعے کئی بڑے منصوبے شروع کیے ہیں، جن میں گرین لیگیسی انیشی ایٹو، گرینڈ ایتھوپین رینیسانس ڈیم اور باؤنٹی آف باسکٹ پروگرام شامل ہیں۔
انہوں نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہتے ہوئے خاص طور پر ماحولیاتی تبدیلی اور خوراک کی سلامتی کے شعبوں میں باہمی روابط کو فروغ دینے پر زور دیا۔
محمد یحییٰ نے ایتھوپیا کی جانب سے سبز ترقی، شجرکاری، اور خوراک کی سلامتی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور عالمی سمٹ کی کامیابی کے لیے اقوام متحدہ کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایتھوپیا کی کثیرالطرفہ تعاون کی پالیسی اور بین الاقوامی کانفرنسوں کی میزبانی قابل ستائش ہے، جو اس کے مثبت عالمی کردار کا ثبوت ہے۔