ماسکو – روسی وزارت خارجہ نے یورپی یونین کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں پر سخت ردعمل دیا ہے، جسے وزارت نے “خود تباہی پر مبنی پالیسی” قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ نے اپنے آفیشل X (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ @mfa_russia پر جاری کردہ بیان میں کہا:

“یورپی یونین 2014 سے روس پر پابندیاں سخت کر رہی ہے، اور وہ مسلسل ایک خود تباہ کن پالیسی پر گامزن ہے۔ ہر نئی پابندی کے ساتھ ان اقدامات کی غیر منطقی نوعیت مزید واضح ہو جاتی ہے۔”
ترجمان ماریا زاخارووا کے اس بیان میں یورپی پالیسی کو “بے معنی” قرار دیتے ہوئے تنقید کی گئی کہ یہ نہ صرف روس کو نشانہ بنا رہی ہے بلکہ یورپ کے اپنے معاشی اور توانائی کے نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپی یونین روس کے مالیاتی، صنعتی اور توانائی کے شعبوں پر مزید پابندیاں عائد کرنے جا رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، روسی وزارت خارجہ کی یہ مہم یورپی عوام کو متاثر کرنے اور رائے عامہ کو یورپی قیادت کے خلاف کرنے کی ایک کوشش ہو سکتی ہے — خاص طور پر ان ممالک میں جہاں مہنگائی اور توانائی بحران شدید تر ہوتے جا رہے ہیں۔