پاکستان میں ایرانی سفیر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ x پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس تاریخی اور اہم موقع پر، جب عظیم ایرانی قوم ایک باوقار اور فیصلہ کن فتح کا جشن منا رہی ہے — جو ایک منصفانہ اور طاقتور جنگ بندی کے نفاذ پر منتج ہوئی ہے، جو جارح دشمن پر مسلط کی گئی — میں حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

صہیونی حکومت کی جانب سے برادر، دوست اور مسلمان ملک ایران پر مسلط کردہ ناجائز جارحیت کے مقابلے میں، پاکستان نے جس ثابت قدمی اور وقار کے ساتھ ایران کا ساتھ دیا، وہ قابلِ تحسین اور ناقابلِ فراموش ہے۔ پاکستان نے جس یکجہتی اور حمایت کا مظاہرہ کیا، وہ دونوں ممالک کے مابین اخوت اور دوستی کی روشن مثال ہے۔
میں بالخصوص آصف علی زرداری، صدرِ پاکستان؛ جناب محمد شہباز شریف، وزیرِ اعظم؛ جنرل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف؛ جناب اسحاق ڈار، نائب وزیرِ اعظم؛ جناب خواجہ آصف، وزیرِ دفاع؛ نیز قومی اسمبلی اور سینیٹ کے معزز اراکین، علمائے کرام، سیاسی جماعتوں اور پاکستانی میڈیا کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، جنہوں نے اصولی، جرات مندانہ اور باوقار موقف اپنایا۔
میری دلی قدر دانی وزارتِ خارجہ پاکستان کے لیے بھی ہے، جنہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی بین الاقوامی فورمز — بشمول اقوامِ متحدہ، سلامتی کونسل اور تنظیمِ تعاونِ اسلامی (OIC) — پر مسلسل اور مضبوط حمایت کی۔
ایران اور پاکستان کی اقوام نے تاریخ کے مختلف مراحل پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، کندھے سے کندھا ملا کر اخوت اور بھائی چارے کی مثال قائم کی ہے۔ ایرانی قوم، پاکستانی عوام کی اس تاریخی حمایت اور اخوت کے مظاہرے کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
یہ عظیم کامیابی پوری مسلم امہ کے اجتماعی شعور میں ایک ایسے روشن نشان کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی جو فخر، طاقت، خود اعتمادی، جرات، اور حق کی باطل پر فتح کی علامت ہے۔