مسلم اُمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے: ڈاکٹر شوکت علی

مسلم اُمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے: ڈاکٹر شوکت علی

برمنگھم: پاکستان مسلم لیگ (ن) آورسیز برطانیہ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شوکت علی نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال کے پیشِ نظر مسلم اُمہ کا اتحاد ناگزیر ہو چکا ہے۔ اگر ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کو نہ روکا گیا تو اس کے سنگین اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوں گے۔

وہ ایک ہنگامی کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جس میں مختلف مکاتبِ فکر، صحافیوں اور پارٹی اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ:

“اس وقت جنگی صورت حال صرف ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں رہی، بلکہ یہ عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔ یہ لمحہ فکریہ ہے۔ بڑے عالمی ممالک کو اب اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، خصوصاً چین، روس اور شمالی کوریا کو اس خطرناک صورتحال کو روکنے میں عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، اور یہی مداخلتیں خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ حملے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ڈاکٹر شوکت علی کا کہنا تھا:

“یہ حملہ درحقیقت فلسطین اور غزہ میں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ لاکھوں بے گناہ افراد کی شہادت کے باوجود عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔”

انہوں نے عراق اور لیبیا کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ صدام حسین اور معمر قذافی جیسے رہنماؤں کو جھوٹے الزامات کے تحت ہٹایا گیا۔

“میں سمجھتا ہوں کہ دنیا کو ایک غیر جانبدار عالمی کمیٹی کی ضرورت ہے جو ممالک کے معاملات کو انصاف کی نظر سے دیکھے، نہ کہ طاقتور ممالک اپنی مرضی سے کمزور اقوام پر حملے کرتے رہیں۔”

انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:

“ہم اپنی بہادر فوج کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کو شکست دی۔ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانی، اپنی فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ لیکن ہمیں یاد رکھنا ہوگا کہ خطرات اب بھی خطے پر منڈلا رہے ہیں۔ ہر لمحہ چوکنا رہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔”

خطاب کے آخر میں انہوں نے زور دیا کہ:

“مسلم اُمہ کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہونا ہوگا۔ ہماری بقا صراطِ مستقیم اور باہمی اتحاد میں ہی پوشیدہ ہے۔”

کارنر میٹنگ میں محمد شفیق (صدر برمنگھم)، محمد احمد (لیگل ایڈوائزر و مشیر، لندن)، اقرا تنویر (صدر یوتھ ونگ لندن)، شہزاد (یوتھ ونگ برمنگھم)، اکرم شیرازی (ایڈوائزر)، اختر میاں اختر (سیکریٹری اطلاعات)، اور سمیرا (صدر وومن ونگ برمنگھم) سمیت متعدد معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں