ویب ڈیسک.برلن / میمنگن : رائین ایئر کی برلن سے میلان جانے والی پرواز کو بدھ کی رات جنوبی جرمنی کے شہر میمنگن میں شدید موسمی طوفان اور جھٹکوں (turbulence) کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ واقعے میں نو مسافر زخمی ہوئے، جن میں ایک خاتون، اس کا دو سالہ بچہ، اور ایک 59 سالہ خاتون شامل ہیں۔
سی این این کے مطابق، بویریا پولیس کے مطابق، یہ پرواز میونخ سے تقریباً 115 کلومیٹر مغرب میں واقع میمنگن ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لی گئی۔ پرواز کے دوران خراب موسم کے باعث طیارہ جھٹکوں کی لپیٹ میں آیا، جس پر پائلٹ نے فوری طور پر ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔
زخمیوں میں شامل خاتون کے سر پر چوٹ آئی، جب کہ دو سالہ بچے کو معمولی زخم اور 59 سالہ خاتون کو کمر درد کی شکایت ہوئی۔ تینوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔
رائین ایئر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پرواز کے کیپٹن نے لینڈنگ سے قبل ہی طبی امداد طلب کر لی تھی۔ ایئرلائن نے متاثرہ مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ انہیں میلان پہنچانے کے لیے متبادل پرواز کا بندوبست کر دیا گیا ہے۔
تاہم، پولیس کے مطابق بدھ کی شب جاری کیے گئے ایک الگ بیان میں بتایا گیا تھا کہ مقامی ہوابازی حکام کی جانب سے فوری طور پر پرواز کی اجازت نہ ملنے کے باعث مسافروں کو بس کے ذریعے منزل تک پہنچانے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔