اسلام آباد ڈکیت گروہ کی پولیس پر فائرنگ ایک افسر جاں بحق اہلکار زخمی

اسلام آباد پولیس پر ڈکیت گروہ کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس افسر جاں بحق اور سپاہی زخمی ہو گیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق منگل کے روز ڈکیتوں کی طرف سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔جس کے نتیجے میں پولیس کا افسر سدھیر احمد عباسی شہید، کنسٹیبل جعفر جہانگیر شدید زخمی ہوا۔واقعہ فیض آباد میٹروسٹیشن کے پاس پیش آیا۔

سی آئی اے اسلام آباد پولیس کی ٹیم ڈکیتوں کی گرفتاری کے لئے پیچھا کررہی تھی۔ملزمان نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہاسلام آباد سی آئی اے کی ٹیم نے ڈکیتوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا۔اس دوران ڈکیتوں نے چاروں طرف سے پولیس ٹیم پر اندھا دھنڈ فائرنگ کردی۔پولیس افسران نے دلیری کے ساتھ ڈکیتوں کا مقابلہ کیا۔

سپاہی جعفر جہانگیر فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے جن کا علاج معالجہ جاری ہے۔واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقہ کو کارڈن کرلیا۔جبکہ شہر بھر میں سرچ آپریشن شروع کردئیے گئے ہیں۔اسلام آباد پولیس کے تین سینئیر ایس ایس پیز خود ریڈنگ ٹیمز کی سربراہی کر رہے ہیں۔ڈکیتوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

فرض کی راہ میں شہید اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کی نماز جنازہ رات گئے ادا کردی گئی۔نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ کے بعد شہید کو سلامی دی گئی۔شہید کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاوں روانہ کیا گیا۔شہید اے ایس آئی سدھیر عباسی کی تدفین ان کے آبائی گاوں ٹھلہ، ایبٹ آباد میں کی جائے گی۔

نماز جنازہ میں اعلی پولیس افسران، ڈی سی اسلام آباد، اسلام آباد پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔آئی جی اسلام آبادنے کہا ہے کہ شہید اے ایس آئی ایک پروفیشنل تفتیشی افسر اور ایک نڈر افسر تھے۔ شہید افسر نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر خطرناک ڈاکووں کا دلیری سے مقابلہ کیا۔اسلام آباد پولیس کا ہرافسر اپنے فرض کے ساتھ مخلص اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں