برمنگھم (انٹرنیشنل ڈیسک لندن)
پاکستان مسلم لیگ (اوورسیز) برطانیہ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت علی نے ایک مقامی ہوٹل میں صحافیوں، پارٹی ممبران اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور عالمی سطح پر امن کے قیام کا خواہاں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ جانی قربانیاں پاکستان نے دی ہیں، جو دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
انہوں نے اس موقع پر سید حاجی حافظ منیر صاحب کو فیلڈ مارشل کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، اور پاک فوج، بحریہ، فضائیہ و تمام بہادر نوجوانوں کی خدمات کو سراہا۔
ڈاکٹر شوکت علی کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی اپنی حکومت، فوج اور اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اور ہر کٹھن وقت میں وطن کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے اظہارِ امید کیا کہ پاکستان جلد اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا، اور اللہ کے فضل سے چین، ترکی، ایران، روس، سعودی عرب، امریکہ، کویت، عمان اور دیگر ممالک کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت ایک نعمت ہے۔
انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے، اور دہری شہریت کو اس راہ میں رکاوٹ نہ بنایا جائے۔
انہوں نے خوشخبری سنائی کہ حکومت نے کشمیری عوام کے لیے ایک نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی منظوری دے دی ہے، جس میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی، چودھری سالک حسین کا کلیدی کردار ہے۔
یہ ایئرپورٹ کشمیری بھائیوں کی سہولت کے لیے جلد فعال ہو جائے گا، اور اوورسیز پاکستانیوں کو اس میں سرمایہ کاری کا موقع فراہم کیا جائے گا، جس پر انہیں باقاعدہ منافع اور سرمایہ کی مکمل ضمانت دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے “ایکسچینج ہب انٹرنیشنل UK” حکومت پاکستان کو اپنی خدمات پیش کر رہا ہے۔
تقریب میں محمد شفیق (صدر برمنگھم)، بیرسٹر محمد احمد، اور فنانس ایکسچینج ہب کی قیادت سمیت متعدد اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ آخر میں ملکی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور مہمانوں کی روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔