اسلام آباد پولیس اہلکار اختیارات سے تجاوز اور خواتین کو حراساں کرنے میں ملوث نکلے۔جبکہ ناقص کارکردگی پر متعدد افسران کے خلاف کاروائی کی گئی ہے۔بدھ کے روز اسلام آباد پولیس ترجمان کی طرف جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے یونٹ ڈولفن اہلکاروں کی سیکٹر ایف الیون میں کار سوار فیملی کو حراساں کرنے پر ڈی آئی جی آسلام آباد نے نوٹس لیا۔اور 3 اہلکاروں عاقب،علی حیدر،اور طلحہ کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
برطرف اہلکاروں نے دوران چیکنگ سیکٹر ایف الیون میں کار سوار فیملی کو حراساں کیا تھا۔ پولیس اہلکار وں قے خلاف شکایت موصول ہونے پر انہیں معطل کرکے انکوائری کا حکم دیا گیا تھا۔انکوائری میں قصور وار پائے جانے پر اہلکار وں کو ملازمت سے برخاست کیا گیا۔
جاری اعلامیہ کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے کہا ہے کہ اختیارات سے تجاوز کرنے والے اہلکاروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔تاہم خواتین کو حراساں کرنے کے جرم میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے حکم پر ناقص کاکردگی پر ایس ڈی پی او سبزی منڈی کو کلوز لائن کرکے چارج شیٹ کردیا گیا ہے۔جبکہ ڈی ایس پی رمنا کو بری انتہائی ناقص کارکردگی پر معطل کرکے چارج شیٹ کیا گیا ہے۔ایس ایچ او آبپارہ کو بھی ناقص کارکردگی پر کلوز لائن کرکے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایس ایچ او سنبل اور انچارج انوسٹی گیشن سنبل کو بہترین پرفارمنس پر ایک ایک لاکھ روپے انعام اور کلاس ون سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ہے۔جبکہ ڈی ایس پی انوسٹی گیشن عبدالستار کو اچھی پرفارمنس پر تعریفی سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے۔