وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان تین روزہ سرکاری دورہ پر جنوبی کوریا پہنچنے پر PBA کوریا کے نمائندوں نے پرتپاک استقبال کیا

سی این این اردو.سیول : وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان تین روزہ سرکاری دورے پر جنوبی کوریا پہنچ گئے۔ کوریا کے شہر سیول کے ہوائی اڈے پر پاکستانی سفارتخانے، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفس (ٹی آئی او) اور پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے نمائندوں نے وزیر تجارت کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر تجارت کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا اور یادگار گروپ تصویر بھی بنائی گئی۔

جام کمال خان اپنے اس اہم دورے کے دوران پاکستان اور کوریا کے درمیان “اقتصادی شراکت داری معاہدے” (EPA) پر دستخط کریں گے، جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس معاہدے سے نہ صرف دو طرفہ تجارتی حجم میں دوگنا اضافہ متوقع ہے بلکہ کورین صنعتی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور اپنے آپریشنز منتقل کرنے کی ترغیب بھی دی جائے گی.

دورے کے دوران وزیر تجارت کورین وزیر تجارت، اہم سرمایہ کاروں، اور K-EXIM بینک کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں مالی تعاون کے منصوبے، پاکستان میں کورین صنعتوں کی منتقلی، اور مختص شدہ فنڈز کے مؤثر استعمال پر بات چیت ہوگی۔

پاکستانی بزنس ایسوسی ایشن کوریا وزیر تجارت اور کوریا میں مقیم پاکستانی تاجروں کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ بنے گی۔ اس کے علاوہ، کوریا میں مقیم پاکستانی مزدوروں سے ملاقات کا بھی اہتمام کیا جائے گا تاکہ ان کی خدمات کا اعتراف کیا جا سکے اور کمیونٹی تعلقات کو مضبوط کیا جا سکے۔

یہ دورہ پاکستان کی کوریا کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید گہرا کرنے، تجارت کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں