اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغانساتان سے کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان میں لوگوں کو شہید کررہی ہے، ایک طرف بات چیت کے لیے تیارہوں اور دوسری طرف ٹی ٹی پی کو کھلی چھوٹ ہو تو یہ ممکن نہیں ہے۔
جمعہ کے روز کابینہ اجلاس میں گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی سرحد پار سے پالیسی نہیں چل سکتی۔وزیراعظم نے کابینہ کے اجلاس میں بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے 27 دسمبر 2007 کے روز محترمہ بےنظیر بھٹو کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک جرات مند اور دلیر خاتون تھیں۔
دوسری طرف پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے فتنہ الخوارج اور دیگر دہشتگرد پاکستان میں دہشتگردی کر رہے ہیں۔5 سال کے مقابلے میں اس سال سب سے زیادہ دہشتگرد مارے گئے،
راولپنڈی میں جمعہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔ کانفرنس کے دوران پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ کے بارے میں اہم معلومات فراہم کیں۔
جنرل احمد شریف نے بتایا کہ پاکستان نے 59,000 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر 169 سے زائد آپریشنز جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے کئی منصوبوں کو ناکام بنایا گیا ہے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولا بارود بھی پکڑا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فتنہ الخوارج کے متعدد سرغنوں کو جنہم واصل کیا گیا اور 27 افغان دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا گیا۔ خودکش بمباروں سے بارودی جیکٹس بھی برآمد کی گئی ہیں، جنہوں نے ذہن سازی کے حوالے سے ہوش ربا انکشافات کئے۔