ملایا یونیورسٹی کے وفد کی اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے سیمینار میں شرکت
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ادارہ تحقیقات اسلامی ( آئی آر آئی ) کے زیر اہتمام جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں اسلامیات میں تدریس و تحقیق کی موجودہ صورتحال اور اس کے متعلقہ مضامین پر ایک بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جو کہ ملائیشیا کے دورے اور طلبا کے وفود کے قلیل مدتی تبادلوں کے پروگرام کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس سیمی نار میں ملائشیا کے ہائی کمشنر داتو محمد اظہر مزلان، ملائیشیا کے تعلیمی ماہرین ، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب نعیمی اور پروگرام کے منتظم ڈائریکٹر جنرل آئی آر آئی ڈاکٹر ضیا الحق نے شرکت کی۔
سیمینار میں اسلامک اسٹڈیز اور اس کے متعلقہ شعبوں میں تدریس اور تحقیق کے بدلتے ہوئے رجحانات پر فکر انگیز گفتگو کی گئی۔ مقررین نے عالمی تعلیمی تعاون کو فروغ دینے، بین الضابطہ تحقیق کو بڑھانے، اور جدید تدریسی طریقوں کو مربوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس تقریب نے تعلیمی افق کو وسعت دینے اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات استوار کرنے میں تبادلہ پروگراموں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔