فیصل آباد 5 سالہ بچے کو بدفعلی کے بعد قتل کر دیا، قصور میں بچے سے بدفعلی

پنجاب کے ضلع فیصل آباد کے علاقہ تاندلیانوالہ میں 5 سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، ملزم لاش سرسوں کے کھیت میں پھینک کر فرار ہوگئے۔تاندلیانوالہ کے تھانہ باہلک کی حدود میں پیش انے والے مبینہ بد فعلی کے اس واقعے میں پانچ سال کے بچے کو نامعلوم افراد نے قتل کردیا، تھانہ باہلک کے علاقے میں اراضی دھن سنگھ پنڈی شیخ موسیٰ میں مقامی افراد نے الزام لگایا ہے کہ کہ وقاص نامی ملزم سمیت اس کے تین ساتھیوں نے بچے کو سرسوں کے کھیت میں لے جاکر مبینہ زیادتی کی اور پھر قتل کرکے فرار ہوگئے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے اور ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا، بچے کے قتل پر سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی کامران عادل نے ایس پی صدر ڈویژن کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی، سی پی او نے لواحقین کو ملزمان کی جلد گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

بچے سے بدفعلی کا دوسرا واقعہ قصور کے نواحی گاؤں کھڈیاں میں بھی پیش آیا جہاں اوباش ملزم نے کمسن بچے سے جنسی زیادتی کی، مقامی پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، پولیس تھانہ کھڈیاں نے نامزد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ کھڈیاں میں فیاض احمد نے مقدمہ درج کروایا، جس میں کہا گیا کہ میرا بیٹا باہر سے روتا ہوا آیا، میرے پوچھنے پر بتایا کہ ملزم علی عرف کالی مجھے زبردستی اللہ دتہ کے فارم کے پاس لے گیا اور اس کے پاس پڑی ہوئی پرالی کے پیچھے مجھے بے لباس کرکے جنسی زیادتی کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں