نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)ہیڈ کواٹر میں میں 3 سے 4 دسمبر 2024 تک ”ونٹر فریز” کے عنوان سے نیشنل سمولیشن ایکسرسائز (SimEx) کا انعقاد ہوا۔فرضی مشقوں کے انعقاد کا مقصد ممکنہ آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ریسپانس کے لائحہ عمل کو موئثر بنانااور معتلقہ محکموں کے مابین تعاون کو فروض دینا تھا۔ مشقوں کے دوران موسم سرما کے دوران ممکنہ خطرات بشمول شدید برفباری، سموگ اور دیگر خطرات سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کو دہرایا گیا۔
فرضی مشقوں میں ہنگامی صورتحال کے مختلف منظرنامے شامل تھے،جیسا کہ شمالی علاقہ جات میں شدید برفانی طوفان کے باعث سڑکوں کی بندش، بجلی کی عدم فراہمی اورسیاحتی مقامات پر سیاحوں کا پھنس جانا۔ مشق نے شمالی بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا میں ایک بڑے زلزلے کا منظر نامہ بھی پیش کیا گیا، جس میں ریسکیو آپریشنز، طبی ردعمل اور دور دراز علاقوں میں فلاحی اور امدادی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے مشق کی گئی۔ مزید برآں،پنجاب میں سموگ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات بھی فرضی مشقوں کا حصہ تھے۔
مشقوں میں شرکت کے تمام صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز بشمول سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی و گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فلاحی تنظیموں کے نمائندگان موجود تھے۔شرکاء نے آفات سے نمٹنے کے لیے تیاریوں اور بروقت اقدامات کے لیے این ڈی ایم اے کے فراہم کردہ پلیٹ فارم کو سراہتے ہوئے اپنی آرااور تجاویز بھی پیش کیں تاکہ آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے موثر ایکشن پلان تیار کیا جا سکے اور مستقبل میں ممکنہ آفات سے بچا جا سکے۔