جنوبی وزیرستان مسکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں پانچ دہشتگرد ہلاک جبکہ سکیورٹی فورسز کے چار اہلکارشہید

جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے، جس میں پانچ خارجی دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ سکیورٹی فورسز کے چار اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے کرامہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 5 خارجی دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے 4 بہادر سپوتوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار طیب شاہ کی عمر 38 برس اور تعلق ٹانک سے تھا۔ شہید لانس نائیک گلاب زمان کی عمر 30 سال اور تعلق ضلع کرک سے تھا۔ لانس نائک شہید مزمل محمود کی عمر 30 برس اور تعلق ضلع کرک سے تھا جبکہ لانس نائک حبیب اللہ کی عمر 28 برس اور تعلق اورکزئی سے تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا نے دہشت گردوں کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا ہے کہ علاقے کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو تقویت بخشتی ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف ، قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی، پیپلز پارٹی کے چئیرمین اور دیگر حکام نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے فوجی شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے پیغامات میں جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ اور کہا کہ شہید اہلکاروں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں