آن لائن ایپلیکیشن کے ذریعے انوسٹمنٹ فراڈ میں ملوث چینی شہری کو ایف آئی اے گرفتار کر لیا۔سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے آن لائن ایپ کے ذریعے انوسٹمنٹ کے نام پر شہریوں کو لوٹنے چینی ملزم ٹرانسلیٹر سمیت گرفتار کیا گیا۔ چینی شہری ملزم بائی شیامونگ کے ٹرانسلیٹر شہزادہ ایاز کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔دونوں ملزمان کو چھاپہ مار کاروائی میں اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم آن لائن ایپلیکیشن کے ذریعے انوسٹمنٹ کے نام پہ رقوم بٹورنے میں ملوث پایا گیاہے۔ملزم پاکستانی شہریوں کے اکاؤنٹس کے غیر قانونی استعمال میں ملوث پایا گیا۔جس نے مختلف شہریوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر ان کے نام سے بینک اکاونٹ کھلوائے ہوئے تھے۔
چینی شہری ملزم مذکورہ بینک اکاونٹس کو استعمال کرتے ہوئے شہریوں سے انوسٹمنٹ کے نام پر کروڑوں روپے وصول کرنے میں ملوث ہے ملزم نے مذکورہ اکاونٹس کی آن لائن رسائی حاصل کی ہوئی تھی۔چھاپہ مار کاروائی میں ملزم سے 3 عدد موبائل فون بھی برآمد کیے گئے۔جبکہ ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔