این ایف جے وفد کی ایرانی سفیر سے ملاقات،پاک ایران میڈیا تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

سی این این اردو : نیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (این ایف جے) کے دو رکنی نمائندہ وفد نے ایران کے سفیر رضا امیری مغدم سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت این ایف جے کے سیکرٹری جنرل عابد صدیق چوہدری نے کی، اس موقع پر ان کے ہمراہ جوائنٹ سیکرٹری عدنان حمید بھی شامل تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے صحافیوں کے درمیان صحافتی تعاون کو بڑھانے اور پاکستان اور ایران کے مابین مضبوط تعلقات کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

حسن نصر اللّٰہ کی شہادت پر تعزیتی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے

ترجمان کے مطابق، این ایف جے کے سیکرٹری جنرل عابد صدیق چوہدری نے این۔ایف۔جے کی طرف سے حسن نصر اللّٰہ کی شہادت پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حسن نصر اللّٰہ کئی دہائیوں سے فلسطین کی تحریک کے ساتھ جڑے تھے ان کی شہادت سے فلسطین کی تحریک آزادی کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اس خلا کو پر نہیں کیا جاسکتا۔

عابد صدیق چوہدری نے ایرانی سفیر کو این ایف جے کے اغراض و مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا اور چند ماہ قبل تہران میں ہونے والی “امام خمینی کی برسی اور غزہ کانفرنس” میں شمولیت کے حوالے سے آگاہ کیا اور مستقبل میں دونوں ممالک کے صحافیوں کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پربھی زور دیا۔

ایرانی سفیر رضا امیری مغدم نے این ایف کے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور ان کی آمد اور میڈیا تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو فلسطین کی تحریک کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے، جبکہ عرب ممالک اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اقوام اسلام کو چاہیئے کہ اسرائیل کے ساتھ فوری معاشی اور اقتصادی تعلقات کو ختم کر دینے چاہئیں کیونکہ انہوں نے فلسطین کے بعد لبنان کے نہتے اور معصوم لوگوں پر بم برسا کر قتل عام شروع کر دیا ہے۔ ایران اس بربریت کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور اس مشکل گھڑی میں ایران، لبنان اور فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ اگر اب بھی مسلمان ممالک نے اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ نے کیا تو خدشہ ہے کہ دیگر عرب ممالک بھی اس کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔سفیر نے کہا کہ امریکہ اور دیگر ممالک خوارک و دیگر اشیاء انڈیا کے ذریعے اسرائیل کو پہنچا رہا ہے۔

ایرانی سفیر کا پاک ایران تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تقافتی، سماجی، مذہبی اور اقتصادی تعلقات قائم ہیں اور ان کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے میڈیا اپنا بہترین کردار ادا کر سکتا ہے۔ سفیر کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کے میڈیا کو امریکہ و مغربی ممالک کے میڈیا کے منفی اور جھوٹے پروپگنڈے کا جواب دینا چائیے۔ رضا امیری مغدم نے کہا کہ ایران امن پسند ملک ہے اور خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا۔

سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی صدر کی حلف برداری کی تقریب میں آئے اسماعیل ہانیہ اور دیگر سرکاری مہمانوں کو نشانہ بنا کر شہید کر دیا گیا، جو ایران کی سالمیت پر حملہ تھا، ایران نے اس کے باوجود صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، جس پر ایران کو شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

ملاقات کے اختتام پر صحافتی وفد کی جانب سے ایرانی سفیر کو شیلڈ بھی پیش کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں