اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے بلوچستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے جن میں بے گناہ شہریوں اور بہادر پولیس اہلکاروں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق ، ایرانی سفارت خانے نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری ایک بیان میں ان المناک واقعات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کی۔
پہلا حملہ ضلع موسیٰ خیل میں ہوا جس میں 23 شہری شہید ہوئے، جبکہ دوسرا حملہ قلات میں ہوا جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ ایرانی سفارت خانے نے ان بزدلانہ اور قابل مذمت دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
“ہم اس مشکل وقت میں اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں،” بیان میں کہا گیا۔ “ہمارے خیالات اور دعائیں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے، اور ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ شہداء کی ارواح کو ابدی سکون عطا فرمائے۔”
سفارت خانے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔