پاکستانی کمیونٹی کوریا کے زیر اہتمام کوریا کے شہر چھانگوان میں گذشتہ 18 اگست کو جشن ازادی کی ایک رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کوریا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی. تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے نائب صدر چوہدری رشید گجر ،پاکستان کمیونٹی کےسرپرست اعلی عبدالجبار خان اور دوسرے سینئر رہنماؤں نے بھی شرکت کی ۔ ان کے علاوہ سفارت خانہ کوریا برائے پاکستان کے سابق ویزا افسراور جھنگون سٹی امیگریشن انچارج مسٹر جونگ ،لا فرم کے مالک اور سینئر قانون دان مسٹر لی نے بھی خصوصی شرکت کی
تقریب میں پاکستانی بچوں نے سریلے ملی نغمے سنا کر حاضرین سے زبردست داد وصول کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالجبار خان نے کوریا میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کی محنت شاقہ کو مدنظر رکھتے ہوئے ستائش کی اوران میں مزید احساس ذمہ داری اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کہ ہم سب پردیس میں پاکستان کے ترجمان ہیں ہماری چھوٹی سی غلطی نہ صرف ہماری بلکہ پورے پاکستان کی بدنامی کا باعث بن سکتی ہے ۔ ہمارے بزرگوں نے جس نظریے کی تحت آزادی حاصل کی تھی اسی نظریے کے زیر اثر ہمیں محنت ومشقت سے دنیا کے افق پر پاکستان کو ایک چاند اور ستارے کی طرح جگمگاتے رکھنا ہے مسٹر لی نے کوریا میں موجود پاکستانی کمیونٹی کےممبران کو ہر نوع کی قانونی امداد کے لیے اپنی فرم کی خدمات پیش کیں ۔ تقریب میں خاص طور پر پاکستان سے مدعو کی گئیں گلوکارہ جیا راؤ نے بھی اپنے فن کا دل کھول کر مظاہرہ کیا ۔ مائیگرینٹ ورکرز سینٹر کی بلڈنگ میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریب کوریا میں مقیم پاکستانیوں کی اپنےوطن سے بےپناہ محبت کا اظہار ثابت ہوئی