منکی پاکس کی روک تھام کے لئے ایئرپورٹس پر سخت سکریننگ کے اقدامات

کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منکی پاکس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے انتہائی اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ائیرپورٹ مینیجر، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ اور ڈائریکٹر ایئرپورٹ ہیلتھ سروسز نے آج جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے ترجمان کے مطابق، متعلقہ اعلی حکام نے ایئرپورٹ پر کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ترجمان پی اے اے کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ انتظامیہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ ملک میں منکی پاکس کے کیسز کو روکا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی پروازوں سے پاکستان آنے والے تمام مسافروں کی مکمل سکریننگ جاری ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ کیس کو فوری طور پر شناخت کیا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق، مشتبہ مسافروں کے لیے بارڈر ہیلتھ سروسز کا ائیسولیشن روم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں ان مسافروں کی ٹریول ہسٹری اور علامات کا تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے۔ اگر کسی مسافر میں علامات پائی جائیں تو ان کے سیمپل کو فوری طور پر پی سی آر ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا جاتا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی عوام کو یقین دلاتی ہے کہ وہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر صحت کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں