پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر، ایڈمرل ریٹائرڈ رویندرا وجے گونارتنے نے سری لنکا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل شاوندر سلوا سے گزشتہ روز سری لنکا میں مختصر دورے کے دوران ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق، ہائی کمشنر کو ان کی آمد پر پُرتپاک استقبال کے بعد چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے دفتر لے جایا گیا۔ جنرل شاوندر سلوا نے ایڈمرل ریٹائرڈ رویندرا وجے گونارتنے کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ملاقات کے لئے وقت نکالا اور اہم سیکورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کیا۔
ملاقات کے دوران، ہائی کمشنر نے سری لنکا اور پاکستان کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سی ڈی ایس نے ہائی کمشنر کو پاکستان میں سری لنکا کے فوجی اہلکاروں کی تربیت کو مزید بڑھانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
مزید برآں، جنرل شاوندر سلوا نے ملک کی موجودہ سیکورٹی صورتحال، اس ضمن میں اپنی حکمت عملی اور سری لنکا کی مسلح افواج کی عملی تیاریوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
ایڈمرل ریٹائرڈ رویندرا وجے گونارتنے، جو سری لنکا کی بحریہ کے سابق کمانڈر رہ چکے ہیں، نے اپنی نمایاں بحری خدمات کے بعد چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا عہدہ سنبھالا تھا۔ جبکہ جنرل شاوندر سلوا نے جنوری 2020 میں وجے گونارتنے کی جگہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا عہدہ سنبھالا تھا۔