قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے 220 ملازمتیں ختم خزانے کو ایک ارب روپے سالانہ کی بچت ہوگی

سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت فنانس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلوں کی منظوری دے دی گئی . اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کفایت شعاری کی قومی مہم کے تحت بڑا قدم اٹھاتے ہوئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی گریڈایک سے 19 تک کی 220 غیرضروری آسامیاں ختم کردی گئیں جس سے قومی خزانے کو 56 کروڑ30 لاکھ روپے سے زائد کی سالانہ بچت ہوگی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایک ارب روپے سالانہ قومی بچت کا ہدف مقرر کردیا۔

قومی اسمبلی کے اخراجات میں بڑی کمی لانے کے تین مراحل میں سے دو مکمل کرلئے گئے۔ پہلے مرحلے میں قومی اسمبلی کی مختلف گریڈز کی 90 غیرضروری آسامیاں ختم کی گئیں جن سے 25 کروڑ 52 لاکھ 64 ہزار روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔

دوسرے مرحلے میں گریڈ ایک سے 19 تک کی 130غیرضروری آسامیاں ختم کرنے سے 30 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد سالانہ کی بچت ہوگی۔ جس سے مجموعی طورپر 56 کروڑ27لاکھ 66 ہزار روپے سے زائد کی سالانہ بچت ہوگی جبکہ تیسرے مرحلے کے اقدمات سے اضافی طور پر 40 کروڑ روپے سالانہ کی مزید بچت ہوگی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پر ہونے والے ان اقدامات کا مقصد مجموعی طورپر ایک ارب روپے سالانہ کی بچت کرنے کا ہدف حاصل کرنا ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت فنانس کمیٹی کے اجلاس میں کفایت شعاری پلان پر عمل درآمد کے لئے اقدامات کی منظوری دی گئی جس کے تحت قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی ضروریات کے مطابق آسامیوں کے تعین، خاتمے ، تعیناتیوں اور ترقیوں کے طریقہ کار میں بہتری اور شفافیت لائی گئی۔

فنانس کمیٹی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں مزید بھرتی کا عمل ختم کردیا ہے جبکہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ ایمپلائز ایکٹ 2018 کے جائزے اور اسے سول سرونٹس ایکٹ1973 کے تحت وضع کردہ رولز کے مطابق ہم آہنگ کرنے کے لئے ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دی جواس ضمن میں مناسب ترامیم تجویز کرے گی۔جس کا مقصد قومی اسمبلی کی ضروریات کے مطابق عملے کی تعداد کا تعین کرنا ، ترقیوں اور تعیناتیوں کا نظام بہتر کرنا ہے۔ اس کے علاوہ ایسٹاکوڈ کے تقاضوں کے مطابق کنٹریکٹ منسوخی کی شقوں میں مناسب ترمیم کے نتیجے میں قومی وسائل کی بچت میں مدد ملی ہے۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے تمام متعلقہ شعبوں کے نمائندوں پر مشتمل ’ ٹکٹنگ اور لاجنگ کمیٹی‘ تشکیل دی گئی ہے جس سے امور کار انجام دینے میں شفافیت آئے گی، افسران اور عملے کے امور کار کا نا صرف واضح تعین ہوگا بلکہ اُن کی کارکردگی جانچنے میں مدد ملے گی اور مجموعی طورپر وسائل کی بھی بچت ہوگی۔

اجلاس نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کاغذ کے استعمال کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ٹیم نے اس ضمن میں کام شروع کردیا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ لاجز کے اضافی بلاکس کی بروقت تعمیر کے لئے وقت کے تعین کے ساتھ اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ۔

یاد رہے کہ ماضی میں بھی سپیکر سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاﺅس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا انقلابی اقدام اٹھایا تھا جس سے کروڑوں روپے سالانہ کی بچت ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں