بلوچستان میں 21 نئے نادرا مراکز اور 6 موبائل رجسٹریشن وین کا افتتاح
وزیراعلیٰ بلوچستان نے نائب وزی
وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے صوبے بھر میں 21 نئے نادرا مراکز اور 6 موبائل رجسٹریشن وین کا افتتاح کر دیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ افتتاحی تقریب میں وزیر کامرس جام کمال خان، ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان ریجن، انتظامیہ کے افسران اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان ریجن سے گفتگو کرتے ہوئے صوبے کی ترقی کے لئے نادرا کی کوششوں کا خیرمقدم کیا ۔ نئے قائم کئے جانے والے مراکز میں خواتین کے تین خصوصی مراکز شامل ہیں جو پشین، لورا لائی اور خضدار میں قائم کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ نادرا مراکز فریدآباد، دشت یہ گورن، بالاناڑی، باباکوٹ، لاکھڑا، کنگری، جائین پروم، ھیردین، لوئی، گشکور، گدر، تلاؤ، شہید مہرآباد، پنجپائی، نانا صاحب، کرک جاؤ، مانجھی پور اور لوئی بند میں قائم کئے گئے ہیں۔ نادرا مراکز کے لئے ان علاقوں کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں شہریوں کو رجسٹریشن سہولیات کی اشد ضرورت تھی۔ جن دورافتادہ علاقوں میں انٹرنیٹ دستیاب نہیں وہاں نادرا کی جانب سے موبائل رجسٹریشن وین کے ذریعے سہولیات فراہم کی جائیں گی جو جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہیں اور ان پر سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہے۔ موبائل رجسٹریشن وین کی بدولت دورافتادہ علاقوں کے مکین اپنے گھر کے قریب شناختی دستاویزات بنوا سکتے ہیں۔