برطانوی وزیراعظم کیرسٹارمر نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں مشرق وسطیٰ کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن کے قیام پر زور دیا۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے خطے کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور تمام فریقوں سے کشیدگی کم کرنے اور خطے میں مزید تصادم سے گریز کرنے کی اپیل کی۔
وزیراعظم سٹارمر نے کہا کہ حساب کتاب میں غلطی کا خطرہ سنگین ہے اور اس وقت سنجیدگی اور بردباری سے کام لینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ایران سے درخواست کی کہ وہ اسرائیل پر حملہ کرنے سے گریز کریں کیونکہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
برطانوی وزیر اعظم کے دفتر کے بیان کے مطابق، سٹارمر نے غزہ میں فوری جنگ بندی، تمام قیدیوں کی رہائی اور غزہ کے لیے انسانی امداد میں اضافے کے لیے اپنے عزم پر زور دیا۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ مندرجہ بالا مقاصد کے حصول کے لیے ہماری توجہ سفارتی مذاکرات کی کامیابیوں پر مرکوز ہونی چاہیے۔