اقلیتوں کا دن ،11 اگست 2024 صدر مملکت کا پیغام

اقلیتوں کے دن 11 اگست کی مناسبت سے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے اہم پیغام میں کہا کہ ہر سال ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں 11 اگست کو اقلیتوں کا دن مناتا ہے۔ اس دن ، ہم قائداعظم محمد علی جناح کے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کےلئے کیے گئے 11 اگست 1947 کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
پاکستان میں اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔ ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے اور اس کی وکالت کرتا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کےلئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
اس سلسلے میں، ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5% کوٹہ مختص کیا ہے اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں نشستیں بھی مختص کی ہیں تاکہ ملکی سیاسی اور قومی ترقی کے عمل میں موثر کردار ادا کرنے کےلئے اقلیتوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ مزید برآں، غریب اور مستحق افراد کو مالی امداد، شادی کےلئےگرانٹس، اقلیتی برادریوں کے طلبہ کو تعلیمی وظائف اور ان کی عبادت گاہوں کی مرمت/ دیکھ بھال کےلئے فنڈز کی فراہمی کےلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں،پاکستان اپنی اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کےلئے پرعزم ہے۔ ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق ہے ۔ میں معاشرے کے تمام طبقات بشمول مذہبی اسکالرز، اقلیتی نمائندوں اور میڈیا پر زور دیتا ہوں کہ وہ لوگوں کو اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں آگاہی دیں اور پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنانے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی، محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کے فروغ کےلئے کام کریں۔

صدر نے مزید کہا کہ میں تمام اقلیتوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا اور انھیں زندگی میں آگے بڑھنے کےلئے مساوی مواقع فراہم کرے گا۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملکی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔ میں انہیں ان کے خاص دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اقلیتوں کے مستقبل کے لیے میری نیک تمنائیں اُن کے ساتھ ہیں ۔

اپنا تبصرہ لکھیں