کوریا کے سفیر کا دورہ ریڈیو دونوں ممالک کے مابین میڈیا تعاون کو فروغ دینے پر زور

پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر، پارک کیجون نے ریڈیو پاکستان کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ڈائریکٹر جنرل پی بی سی، سعید احمد شیخ نے گرمجوشی سے خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے سفیر کو ریڈیو پاکستان کی وراثت اور کامیابیوں سے آگاہ کیا، جس کے بعد انہیں اسٹیشن کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا گیا۔

کورین سفیر نے ڈائریکٹر جنرل اور پی بی سی کی انتظامیہ کا پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کوریا اور پاکستان کے درمیان ڈیجیٹل اور مواصلاتی روابط کو مزید فروغ دینے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا، اور میڈیا کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

جمہوریہ کوریا اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان 1983 میں سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں تجارت، سرمایہ کاری، انسانی تبادلے، اور ترقیاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

جمہوریہ کوریا پاکستان کے ساتھ اقتصادی، ثقافتی اور سیاحت کے شعبوں میں اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں