اسلام آباد صحافیوں کے چھ رکنی وفد اسلام آباد میں جمہوریہ کوریا کے سفارتخانے پہنچا جہاں سفیر پارک کیجون نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس دورے کا مقصد عالمی مواقع کی تلاش اور میڈیا کے تعاون کو فروغ دینا تھا تاکہ پاک کوریا تعلقات، ثقافتی، سیاحتی اور تبادلے اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
وفد کے اراکین میں نائب صدر عفت راؤف، سیکرٹری جنرل عابد چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری واصف علی خان، صدر KUJ شیخ بشارت علی، اور سیکرٹری اطلاعات عدنان حمید کے علاوہ بشیر شامل تھے۔
میٹنگ کے دوران عابد چوہدری نے سیول میں اپنے پیشہ ورانہ تجربات شیئر کیے اور کورین سفارتخانے کے ساتھ مستقبل کے تعاون کی امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے صحافتی تنظیموں کے عزم کو اجاگر کیا اور 2023 میں لاہور کے شاہی قلعہ میں کورین تجارتی وفد کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ کی کامیابی کا ذکر کیا جس میں پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کی تعریف کی گئی۔ عابد چوہدری نے مستقبل میں مزید کورین کاروباری شخصیات کو پاکستان میں خوش آمدید کہنے کے عزم کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اس دوران سی این این اردو کے نمائندہ جنوبی کوریا عرفان غفور نے بذریعہ ویڈیو کال کورین سفیر پارک کیجون سے کورین زبان میں گفتگو کی جسے انھوں نے خوب سراہا۔
ملاقات میں کوریا کے سفارت خانے کی جانب سے ثقافتی کونسلر اور انچارج پبلک ڈپلومیسی بھی شامل تھیں۔کورین سفارت خانے کی جانب سےصحافیوں کےلئے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا.کورین روایتی کھانے پیش کئے گئے ۔ عفت راؤف نےسفیر پارک کو ظہرانےاور مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وفد نے دونوں ممالک کے درمیان صحافتی روابط کی ضرورت پر زور دیا جسے سفیر محترم نے اپنا اولین فرض بتاتے ہوئے ٹیم کو کوریا کی تہذیب وثقافت پر مبنی آمدہ تقریبات میں شامل ہونےکی دعوت دی اور جلد ہی دونوں ممالک کےصحافیوں اور تنظیموں کے مابین روابط استوار کرنے کا مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے کا اعادہ بھی کیا۔
سفیر پارک کیجون نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہا اور پاکستان میں رہنے اور سفر کرنے کے اپنے ذاتی تجربات شیئر کیے۔ انہوں نے ثقافتی و سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں کو میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے فروغ دینے میں صحافیوں کو حمایت کا یقین دلایا۔
سفیر نے وفد کو بتایا کہ جمہوریہ کوریا کا سفارتخانہ “2024 کوریا ویک” 22 اکتوبر سے 27 اکتوبر 2024 تک اسلام آباد میں منعقد کرے گا جو ایک بڑٰی تقریب ہوگی۔ ان تقریبات میں معروف کورین اور پاکستانی فنکاروں اور موسیقاروں کی پرفارمنسز شامل ہو گی .اور جس میں کورین نیشنل ڈے ،کوریا پاکستان ثقافتی گالا ،کوریا پاکستان مووی ،جو عوام کے لیے کھلی ہوں گی، جو دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تبادلے کا موقع فراہم کرے گی۔ سفیر محترم نے صحافتی وفد کو اس پروگرام کی خصوصی دعوت بھی دی
کاروباری حوالےسے گفتگو کرتے ہوئے، سفیر پارک نے پاکستان کی صلاحیت، خاص طور پر زرعی شعبےاور دیگر پاکستانی مصنوعات کی عالمی شہرت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے پاکستانی کاروباری برادری کو کورین کاروبارشخصیات کےساتھ مل کر کام کرنے پر زور دیا جس سے دونوں ممالک کی معشت کے لئے اہم سنگ میل ہوگا، سفیر محترم نے بتایا کہ انہوں نے پاکستانی آم برآمد کنندگان سے ملاقات کی ہے جو انتہائی پیشہ ور ہیں۔ سفیر پارک نے ان برآمد کنندگان کو کوریا جانے اور کورین کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی تجویز بھی دی۔
سفیر پارک نے بتایا کہ تقریباً 900 کورین باشندے پاکستان میں رہائش پزیر ہیں جن میں سے اکثر لاہور، کراچی، اور اسلام آباد میں مختلف کاروبار کر رہے ہیں ۔
کورین کاسمیٹکس کی مقبولیت کے بارے میں سوالات کے جواب میں، سفیر محترم نے پاکستان میں کورین کاسمیٹکس کی بھڑتی ہوئی مانگ کے پیش نظر پاکستانی کاروباری شخصیات کو کاسمیٹکس میں سرمایہ کاری کرنے پر زور دیا
عابد چوہدری نے پاک کوریا تعلقات اور ثقافتی ،سیاحتی سرگرمیوں کو نمایاں کرنے کے لئےمیڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے فروغ دینے کے عزم کی تصدیق کی، جن میں سی این این اردو اور دی ورلڈ ایمبیسڈر – انگلش میگزین شامل ہیں۔
میٹنگ کے اختتام پر، عابد چوہدری اور ایسوسی ایشن کے اراکین نے سفیر پارک کیجون کو ایک یادگاری شیلڈ پیش کی۔صدر KUJنے سفیر کو کامونکی کی مشہور سوغات برفی پیش کی . جبکہ کورین سفیر نے بھی صحافیوں کو تحائف بھی پیش کیئے، جو باہمی احترام اور جاری تعاون کے عزم کی علامت ہیں۔
صحافتی وفد کا دورہ میڈیا کے تعاون کو بڑھانے پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان سیاحتی ، ثقافتی،اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے، جو مستقبل کے اقدامات اور عالمی شراکت داری کے لئے بنیاد فراہم کرے گا۔