صفدرآباد میں نوجوانوں کے اشتراک سے علاقائی ترقی کو ممکن بنائیں گے سماجی راہنما

رپورٹ (متین الحسن)

ضلع شیخوپورہ میں صفدر آباد کے سماجی راہنما بیرسٹر مجتبی جمال نے علاقے کے نوجوانوں سے مل کر علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں اگست کے آخر میں ہم نو جوانوں کا کنونشن رکھنے جا رہے ہیں۔

بیرسٹر مجتبی جمال نے کہا ہے کہ علاقے کی ترقی میں نوجوانوں کی شمولیت یقینی بنانے کے لئے اگست کے آخر میں علاقے کے نوجوانوں کا کنونشن منعقد کیا جا رہا ہے۔ اسکا مقصد نوجوانوں کے ساتھ مل کر علاقائی مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک منظم اور متحرک نیٹ ورک بناتا ہے۔

سی این این اردو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ ہیں جن کے بغیر ملکی تعمیر وترقی ناممکن ہے۔ علاقے کی ترقی کے عمل میں نوجوانوں کی شمولیت اور تعاون از حد ضروری ہے ۔

بیرسٹر مجتبی جمال نے کہا کہ علاقے کے نوجوانوں کو منظم اور متحرک کرنا اور ان کی فلاح و بہبود میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے تو وہ ایک اچھے اور مضبوط معاشرے کے معمار بن سکتے ہیں۔

بیرسٹر مجتبی جمال نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور لوگوں کو تمام سہولیات کی فراہمی ان کی دہلیز پر پہنچائی جائے۔اس کے لئے کوشش ہے کہ ہر علاقے میں نوجوانوں کی ڈویلپمنٹ کمیٹیاں بنائی جائیں جن کے ساتھ مل کر علاقے کی ترقی کا خواب پورا کیا جائے ۔

آج کے نوجوان کل کے معمار ہیں نوجوانوں کو ایک ٹیم بن کر علاقے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرناچاہیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں