سی این این اردو .چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (NIM)، اسلام آباد میں 35ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بہتر اور موثر گورننس ہی پاکستان کو غیر معمولی حالات اور سماجی، اقتصادی، انسانی ترقی، صحت، تعلیم، ترقیاتی چیلنجز پر قابو پانے میں اہم ثابت ہو گی۔ . چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پیشہ ورانہ اور متحرک بیوروکریسی ہمارے ملک کی نظام کاری کی تشکیل اور ہمارے سماجی، اقتصادی اور ترقی کے اہداف کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انھوں نے اس امر کا خصوصی طور پر زکر کیا کہ وزیراعظم کی حیثیت سے اور اب چیئرمین سینیٹ کی حیثیت سے، میں نے یہ دیکھا ہے کہ دیانتدار افسران بامعنی اور پائیدار تبدیلی لا سکتے ہیں۔” انھوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول مؤثر حکمرانی پر منحصر ہے.
انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس ان اہداف کے حصول کے لیے اجتماعی کوششوں کے ماحول کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایک منتخب نمائندہ حکومت اور ایک متحرک پارلیمنٹ کام کر رہی ہے اور خواتین کو گورننس اور پالیسی سازی میں زیادہ نمائندگی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے خوشحال اور ترقی کی راہ پر گامزن پاکستان کے لیے کام کرنے کے لیے ان پہلوؤں کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ سینئر مینجمنٹ کورس سے وہ مہارت اور عزم ملے گا جو ملک کو ان چیلنجوں سے نمٹنے میں بخوبی مدد کرے گا.
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی، علاقائی اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ ایسی پالیسیاں وضع کی جائیں جو نہ صرف ہمارے قومی مفادات کا تحفظ کریں بلکہ اسے فروغ دیں اور ترقی کے عمل کو تیز کریں۔ انہوں نے اس سلسلے میں افسران کے کردار کو اہم قرار دیا ۔ انہوں نے تبدیلی کو اپنانے، اختراع کو فروغ دینے اور کام میں دیانتداری اور کارکردگی کے کلچر کو پروان چڑھانے پر زور بھی دیا۔ ۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طارق موج اور این آئی ایم کی ٹیم کو سراہا اور ان کے غیر متزلزل عزم پر خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے مختلف پیشہ ورانہ گروپس سے تعلق رکھنے والے افسران میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے۔اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد طارق موج اور فیکلٹی نے چیئرمین سینیٹ کو کورس کے اہم پہلوؤں سے آگاہ کیا۔